فرانس کے بعد البانیہ میں بھی پُرتشدد مظاہرے، مظاہرین کا وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ

فرانس کے بعد البانیہ میں بھی حکومت مخالف مظاہروں میں تیزی آگئی ہے، جہاں ہزاروں مظاہرین وزیراعظم ایڈی راما سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ دارالحکومت ترانا میں یونیورسٹیوں کی ابتر صورتحال، بھاری تعلیمی فیسوں اور مبینہ بدعنوانی کے خلاف احتجاج جاری ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق مظاہرین نے وزارتِ تعلیم کے باہر احتجاج کیا اور وزیراعظم کے خلاف نعرے لگائے۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے دوران واٹر کینن اور آنسو گیس استعمال کی گئی، جبکہ شہر میں کئی سرکاری اور کاروباری عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
وزارتِ صحت کے مطابق تازہ جھڑپوں میں 65 افراد زخمی ہوئے، جن میں 37 پولیس اہلکار شامل ہیں۔ منگل سے جاری مظاہروں کے دوران مجموعی طور پر 272 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں 169 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم ایڈی راما نے استعفے سے انکار کرتے ہوئے مظاہروں کو بیرونی عناصر کی کارروائی قرار دیا ہے، جبکہ امریکا نے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔



