وزارتِ مواصلات میں 2 سال کے دوران 222 ارب روپے سے زائد مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف

وزارتِ مواصلات میں گزشتہ دو سال کے دوران 222 ارب روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق یہ بے قاعدگیاں مالی سال 2022-23 کے معاملات سے متعلق ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھوکہ دہی، چوری اور ڈکیتی کے 40 کیسز میں 4 کروڑ 88 لاکھ روپے، جبکہ بھرتیوں سے متعلق چار کیسز میں 2 ارب 73 کروڑ روپے کی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ نگران دور میں پاکستان پوسٹل سروسز میں گریڈ ایک سے 15 تک 4 ہزار 252 بھرتیاں کی گئیں، جبکہ 314 افراد کی قواعد کے برعکس سیاسی بنیادوں پر بھرتی کی نشاندہی بھی کی گئی۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق خریداری کے پانچ کیسز میں قومی خزانے کو 3 ارب 26 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا، جبکہ ایک کمرشل بینک سے غیر مجاز انتظامی معاملات میں 20 ارب 85 کروڑ روپے کے نقصان کی نشاندہی کی گئی۔ پاکستان پوسٹ کے اکاؤنٹس میں 20 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز کا ذکر بھی رپورٹ میں شامل ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 11 کیسز میں 3 ارب 74 کروڑ روپے سے زائد کی وصولیوں کی نشاندہی ہوئی، جبکہ 15 دیگر کیسز میں 194 ارب 54 کروڑ روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔

مزید پڑہیں

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button