پاک بحریہ کی پہلی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ، طویل فاصلے تک مار کرنے والا شپ کروز میزائل فائر کیا

پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے شمالی بحیرہ عرب میں پہلی لائیو ویپن فائرنگ کامیابی سے مکمل کرلی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پی این ایس/ایم ہنگور نے طویل فاصلے تک مار کرنے والا اینٹی شپ کروز میزائل فائر کیا، جس نے مقررہ ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کامیاب فائرنگ سے آبدوز ہنگور کے ویپن سسٹمز اور جنگی تیاری کی توثیق ہوئی ہے، جبکہ یہ کامیابی پاک بحریہ کی زیرِآب جنگی صلاحیتوں میں اہم سنگِ میل ہے۔
اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے آبدوز ہنگور کی جنگی صلاحیت اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
نیول چیف کا کہنا تھا کہ زیرِآب جنگی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ آپریشنل تیاری اور قابلِ اعتماد دفاعی صلاحیت کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پُرعزم ہے۔



