بلوچستان: بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کیخلاف آپریشنز، چند روز کے دوران 70 سے زائد دہشتگرد ہلاک

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 70 سے زائد دہشتگرد ہلاک
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے گزشتہ چند روز کے دوران انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے، جن میں 70 سے زائد دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 21 ستمبر کو زیارت اور گرد و نواح میں کارروائی کے دوران متعدد ٹھکانے کلیئر کیے گئے، جبکہ 25 ستمبر کو نوشکی میں آپریشن میں 11 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مند میں بھی فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد ہلاک کیے گئے اور کارروائیوں کے دوران اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 96 گھنٹوں میں 70 سے زائد دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔



