یو این میں وزیراعظم کے فلسطین سے متعلق الفاظ کو فلسطینی مشن نے سوشل میڈیا پر نمایاں کردیا

فلسطینی مشن نے وزیراعظم شہباز شریف کے الفاظ سوشل میڈیا پر نمایاں کردیئے
نیو یارک میں فلسطینی مشن نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران فلسطین سے متعلق کہے گئے الفاظ کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نمایاں کیا۔
فلسطینی مشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں فلسطینی خواتین، بچوں اور بزرگوں پر ہونے والے مظالم کو عالمی ضمیر کے سامنے اجاگر کیا۔
وزیراعظم نے گزشتہ سال ہند رجب نامی فلسطینی بچی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جنرل اسمبلی میں اس کی دل دہلا دینے والی داستان بیان کی تھی۔
شہباز شریف نے اس سال 8 سالہ وفا عقیلہ کا بھی ذکر کیا، جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس کا اسکول کا پہلا دن ہی زندگی کا آخری دن بن گیا۔
وزیراعظم نے عالمی برادری سے سوال کیا کہ کیا غزہ میں پیدا ہونے والا بچہ دنیا کے دیگر بچوں کی طرح زندگی، مستقبل اور خواب دیکھنے کا حق نہیں رکھتا؟
فلسطینی مشن کی جانب سے وزیراعظم کے ان الفاظ کو سوشل میڈیا پر نمایاں کرنا پاکستان اور فلسطین کے درمیان اظہارِ یکجہتی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔



